اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا، ان کے حقوق کا تحفظ اور انہیں یکساں مواقع فراہم کرنا معاشرتی ترقی کے اہم تقاضے ہیں۔
دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مستحق خاندانوں کی معاونت کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ تقریب سے خطاب، نوجوانوں کو معاشی استحکام کے عمل میں شریک کرنے پر زور
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ خواتین کو قومی ترقی کے عمل میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، جبکہ معاشی استحکام کیلئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا بھی ناگزیر ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کیے بغیر ترقی کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔
انہوں نے دخترانِ پاکستان ایکسی لینس ایوارڈ کو خواتین کی خدمات کے اعتراف کی اہم کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات خواتین کی نمایاں خدمات کو اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب میں خواتین کو بااختیار بنانے، حقوق کے تحفظ، سماجی انصاف کے فروغ اور نوجوانوں کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔