کوئٹہ: چمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر حاجی علاؤالدین اچکزئی کی سربراہی میں ایرانی قونصل جنرل کوئٹہ محمد کریمی سے ملاقات کی، جس میں سرحدی تجارت کے فروغ، کسٹم کلیئرنس میں تاخیر اور ویزہ سہولیات سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد میں سینئر نائب صدر حاجی عطاؤاللہ تاجک، سابق صدر حاجی رحمت اللہ پہلوان، حاجی محمد ابراہیم، حاجی عطا جان اچکزئی، ایڈووکیٹ ہمایوں خان، محمود خان، زین الدین نورزئی اور سردار محمود اچکزئی شامل تھے۔
ملاقات کے آغاز میں وفد نے ایرانی قونصل جنرل کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محمد کریمی نے وفد کی آمد اور اظہارِ تعزیت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی شرکت ان کے لیے باعثِ تسلی ہے۔
ملاقات کے دوران پاک ایران سرحدی تجارت کو درپیش مسائل، کسٹم کلیئرنس میں تاخیر اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے تاجروں کو درپیش مشکلات کے حل اور دونوں ممالک کے تجارتی روابط مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
اس کے علاوہ تاجروں اور زائرین کے لیے ایرانی ویزوں کے حصول میں آسانیاں پیدا کرنے اور ویزہ پالیسی میں سہولت فراہم کرنے کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔
ملاقات کے اختتام پر حاجی علاؤالدین اچکزئی نے ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی رابطوں اور تعاون کے ذریعے پاک ایران تجارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔