اسلام آباد: اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس آج سے وفاقی دارالحکومت میں شروع ہوگا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔ اجلاس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی خصوصی طور پر شرکت کریں گے، جبکہ ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تاجکستان اور ایران سمیت مختلف رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ کرغزستان اور قازقستان کی نمائندگی نائب وزرائے خارجہ کریں گے، جبکہ ترکیہ کی جانب سے بھی نائب وزیر خارجہ شرکت کریں گے۔
افغان وزیر خارجہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، جبکہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
اجلاس کے دوران علاقائی اقتصادی تعاون، باہمی تجارت کے فروغ، توانائی کے مشترکہ منصوبوں اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے سمیت اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ ان کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں۔ اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس کو علاقائی روابط مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے تناظر میں اہمیت حاصل ہے۔
[…] عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں کل اہم سماعت ہوگی، عدالت نے فریقین کو […]
[…] آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے اردل روم کے دوران افسران کی کارکردگی، […]