دیامر: گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 16 دیامر 2 کے تین پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
الیکشن ٹربیونل کے حکم پر دوبارہ پولنگ کرائی جا رہی ہے۔ ٹربیونل نے سید امام مالک کی درخواست پر یہ فیصلہ دیا تھا، جنہوں نے تین پولنگ اسٹیشنز پر مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کو چیلنج کیا تھا۔
پوسٹل بیلٹس کی گنتی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عطاء اللہ شاہ 6 ہزار 618 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے تھے، تاہم انہیں سید امام مالک پر صرف 13 ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔
بعد ازاں الیکشن ٹربیونل نے 6 نومبر کو عطاء اللہ شاہ کی اسمبلی رکنیت معطل کر دی تھی۔
تینوں پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 2 ہزار 780 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ دوبارہ پولنگ کے نتائج حلقے کے انتخابی مقابلے میں اہم کردار ادا کریں گے۔