پی سی بی کے مطابق محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا۔
محمد یوسف نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 381 میچز کھیل کر 17 ہزار 300 رنز بنائے۔ انہوں نے 2006ء میں ٹیسٹ کرکٹ کے ایک کیلنڈر سال میں 1788 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
دوسری جانب ثناء میر نے 226 بین الاقوامی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2432 رنز اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2010ء اور 2014ء کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے بھی جیتے۔
محمد یوسف اور ثناء میر کی شمولیت کے بعد پی سی بی ہال آف فیم میں شامل پاکستانی کرکٹرز کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس اس اعزاز کا حصہ بن چکے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں سابق کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد یوسف اور ثناء میر نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی غیر معمولی کارکردگی سے ملکی کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔