ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف ادبی و فکری شخصیت ایماندار جبار یار کی یاد میں منعقدہ تعزیتی و ادبی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان ادبی فورم براہوئی زبان کی ادبی تنظیموں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے، جہاں زبان و ادب کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ نیشنل پارٹی آئندہ بھی بلوچستان ادبی فورم کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی جاری رکھے گی۔
تقریب کی صدارت پروفیسر انور زیب نے کی، جبکہ بلوچی زبان کے معروف ادیب و دانشور یار جان بادینی اور براہوئی و بلوچی زبان کے شاعر، افسانہ نگار اور بی ایس او پجار کے مرکزی سیکرٹری جنرل ابرار برکت بھی شریک تھے۔
تقریب میں اعزازی مہمانوں کی حیثیت سے قیوم بیدار، نور خان نواب، حاجی شاہ بہک شہدا، رحیم ناز، عرفان جبار یار اور بلال مینگل نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے مرحوم ایماندار جبار یار کی ادبی، فکری اور تخلیقی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زبان و ادب کے لیے ان کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مادری زبانوں کے تحفظ، ترویج اور ادبی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے ادیبوں، دانشوروں اور ادبی تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔