نئے ضابطہ اخلاق کے مطابق اساتذہ کو سکولوں میں شارٹس پہننے اور انڈور مقامات پر سن گلاسز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے مرد اساتذہ کو ویسٹ کوٹ یا فارمل پینٹ شرٹ پہننے کی ہدایت کرتے ہوئے بند جوتے لازمی قرار دیے ہیں، تاہم جرابوں کے ساتھ سینڈل پہننے کی اجازت ہوگی۔
خواتین اساتذہ کے لیے ہیل والی جوتیاں، بغیر بازوؤں اور شفاف لباس پہننے پر پابندی ہوگی۔ انہیں فارمل لباس کے ساتھ دوپٹہ یا اسکارف لینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ حجاب اور عبایا پہننے کی اجازت برقرار رکھی گئی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے تمام سرکاری سکولوں کے سربراہان کو نئے ڈریس کوڈ پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔