Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

جیل میں بشریٰ بی بی کی سکیورٹی اور صحت کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں درپیش مشکلات سے متعلق شکایات پر متعلقہ حکام کو اہم ہدایات جاری کر دیں، عدالت نے ان کے سیل کی صفائی اور طبی سہولیات یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ اس موقع پر وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ جبکہ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹرز بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران وکیل صفائی نے بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق نئی متفرق درخواست پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بینائی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے اور موجودہ طبی کیفیت کے باعث ان کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عدالت کو ان کی سرجری سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

وکیل نے مزید انکشاف کیا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کے کمرے سے چھوٹے سائز کے سات سانپ برآمد ہوئے تھے، جنہیں جیل اہلکاروں نے مارنے کے بعد اس جگہ سیمنٹ لگا دیا تھا۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں گے اور جیل قوانین کے مطابق طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کی صحت کا معائنہ کرنے کے لیے خصوصی ڈاکٹر فراہم کیا جائے۔

دورانِ سماعت چیف جسٹس نے مرکزی اپیلوں پر دلائل شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر وکلا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اپنے موکلین سے ملاقات کے بغیر اپیلوں پر دلائل نہیں دیے جا سکتے، جس پر عدالت نے ملاقات کے لیے مطلوبہ وقت فراہم کیا تھا۔

چیف جسٹس نے وکلا کو ہدایت کی کہ وہ اپنے جمع کرائے گئے بیانِ حلفی کے مطابق اب مرکزی اپیلوں پر باقاعدہ دلائل کا آغاز کریں تاکہ مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عدالت کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام معاملات پر قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More