Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کیلئے نئے ہال کی تعمیر کا اعلان، آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں گے: گورنر بلوچستان

 کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں جدید سہولیات سے آراستہ ہال کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کے لیے آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں گے، تاکہ فارغ التحصیل طالبات کانووکیشن اور دیگر بڑی تقریبات میں بہتر انداز میں شرکت کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں اور بہتر منصوبہ بندی کے نتیجے میں صوبے کی سرکاری جامعات کو مالی بحران سے نکال کر سرپلس بجٹ پر لایا گیا ہے، جبکہ صوبائی سطح پر یونیورسٹیوں کی رینکنگ میں بھی تقریباً دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

گورنر بلوچستان نے اس پیش رفت میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی، راحیلہ حمید خان درانی اور وائس چانسلرز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی صوبے میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے فارغ التحصیل طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈگریاں برسوں کی محنت، مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کا نتیجہ ہیں۔ عملی زندگی میں قدم رکھنے والی طالبات کو چاہیے کہ وہ اپنی علمی صلاحیتوں کو معاشرے کی ترقی، خدمتِ خلق اور ملک کی خوشحالی کے لیے استعمال کریں۔

جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کا مقصد صرف ڈگریاں فراہم کرنا نہیں بلکہ طالبات میں تنقیدی سوچ، تحقیقی صلاحیتیں اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں پیدا کرنا بھی ہے۔

انہوں نے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور ان کی ٹیم کو کامیاب کانووکیشن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور بالخصوص خواتین کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں گورنر بلوچستان کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کو تعلیم دلانا درحقیقت آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔

تقریب میں صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی، میر سلیم کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی اختر بی بی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نجم الدین مینگل، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ماہرین تعلیم، والدین اور طالبات نے شرکت کی۔

بعد ازاں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے پی ایچ ڈی اسکالرز، ایم فل اور دیگر فارغ التحصیل طالبات میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More