ملاقات کے آغاز پر چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ یہ مذاکرات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تینوں بڑی طاقتوں کے درمیان یہ بات چیت تاریخ رقم کر رہی ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ پوتن سے گفتگو کے دوران امریکی صدر نے انہیں اپنا دوست قرار دیتے ہوئے دونوں رہنماؤں کے اچھے تعلقات کا ذکر کیا۔
شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں ممالک دنیا کی بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور جوہری ہتھیاروں میں کمی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بات چیت کی منفرد صلاحیت رکھتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے روس سمیت تمام متعلقہ فریقوں کا تعاون ضروری ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ امریکا، چین اور روس کے درمیان تعمیری تعاون عالمی استحکام کو مضبوط بنا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے بانی ارکان ہونے کے ناطے تینوں ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کے نظام کو مستحکم بنانے میں کردار ادا کریں۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان مثبت روابط وقت کی ضرورت ہیں، کیونکہ آج کی دنیا میں تمام ممالک کے مفادات اور مستقبل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے سرد جنگ کی ذہنیت ترک کرنے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور حساس معاملات میں ریڈ لائنز کا احترام کرنے اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔
شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ تجارتی روابط منقطع کرنے کی پالیسی سے گریز کیا جائے، جوہری جنگ نہ جیتی جا سکتی ہے اور نہ ہی لڑی جانی چاہیے۔ تینوں ممالک عالمی توانائی کی فراہمی کے نظام کے استحکام کے لیے بھی تعاون بڑھا سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایپک اجلاس کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات کو امریکا، روس اور چین کے سربراہان کی پہلی سہ فریقی سربراہی ملاقات قرار دیا جا رہا ہے۔