واشنگٹن: ایران کے خلاف جاری جنگ پر امریکا کے اخراجات بڑھ کر 48.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، تاہم اس رقم میں مشرق وسطیٰ میں ایرانی حملوں کے نتیجے میں امریکی فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصانات شامل نہیں ہیں۔
ارکان کانگریس نے پنٹاگون سے ایرانی حملوں میں تباہ ہونے والے امریکی فوجی سازوسامان اور تنصیبات کے نقصانات کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پنٹاگون کے بجٹ اہلکار آرتھر ملر نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو اخراجات کا تازہ ترین تخمینہ پیش کیا، جس میں فوجی آپریشنز، سازوسامان اور گولہ بارود پر آنے والی لاگت شامل ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایرانی حملوں میں امریکی فوجی اڈوں پر طیاروں کے ہینگرز، حملوں کا پتہ لگانے والے نظام، گوداموں اور فوجیوں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اربوں ڈالر مالیت کے سازوسامان کو نقصان پہنچا، تاہم ان نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب امریکی سینیٹر الزبتھ وارن نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی جہاز رانی کی امریکی بحری ناکہ بندی پر روزانہ 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر خرچ ہو رہے ہیں، جبکہ بحرین میں امریکی بحریہ کے علاقائی ہیڈکوارٹرز پر ایرانی حملے سے کم از کم 40 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔