ریاض: سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کاروباری مرکز میں واقع بلند ترین ٹاور حوثی ملیشیا کے حملے سے متاثر ہوا ہے، حملے میں عمارت کی متعدد منزلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق متاثرہ عمارت میں سعودی نیشنل کیپیٹل فنڈ بھی قائم ہے۔ واقعے کے بعد عمارت کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
اس سے چند گھنٹے قبل سعودی اتحاد کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ریاض میں عمارت کو پہنچنے والا نقصان ایک میزائل کا ملبہ گرنے کے باعث ہوا، جبکہ عینی شاہدین نے بھی ٹاور کو نقصان پہنچنے کی اطلاع دی تھی۔
دوسری جانب قطر کی وزارت خارجہ نے ریاض کے شاہ عبداللہ کمرشل زون کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
کویت نے بھی حملے کو سعودی عرب کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البداوی نے حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی اور عالمی برادری کو حوثی ملیشیا کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔