پاکستان افغانستان مذاکرات میں تعطل کیسے ختم ہوگا؟ روس نے ثالثی کی پیشکش کر دی، طلبہ کے ویزوں پر بھی اہم وضاحت
ماسکو: روس نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اسلام آباد کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ اگر پاکستان اور افغانستان دونوں درخواست کریں تو روس مذاکرات کے انعقاد اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی بحالی میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس پاکستان اور افغانستان کو دوست ممالک سمجھتا ہے اور دونوں کے درمیان مذاکرات کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے ضروری قرار دیتا ہے۔
روسی ترجمان نے افغانستان میں داعش خراسان سمیت عالمی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہونا چاہیے، اس معاملے میں دوہرے معیار یا پوشیدہ ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔
ماریہ زخارووا کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار ہے اور دونوں ممالک دوطرفہ و کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر قریبی تعاون اور مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے ماسکو فارمیٹ، روس، چین، ایران اور پاکستان کے چار ملکی مشاورتی نظام، افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے رابطہ نظام اور شنگھائی تعاون تنظیم کو علاقائی تعاون کے اہم پلیٹ فارمز قرار دیا۔
روسی ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار استحکام کے لیے دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اقدامات کے ساتھ سماجی و اقتصادی ترقی اور ریاستی اداروں کی سکیورٹی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے۔
[…] نہیں بلکہ تنوع کو سمجھنے اور تسلیم کرنے کے لیے ہوتی ہے۔ پاکستان، بھارت، روس، چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان […]