حب: ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل نے ٹی ٹی سی حب کا دورہ کیا اور وفاقی حکومت میں بلوچستان کے کوٹے کے تحت مختلف آسامیوں پر بھرتی کے لیے ہونے والے انٹرویوز کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ محکموں اور سکیورٹی اداروں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر کو انٹرویوز کے انعقاد کے لیے مختص مقام اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے کہ وفاقی محکموں میں بھرتیوں کے سلسلے میں انٹرویوز 22 سے 25 نومبر 2026 تک حب میں منعقد ہوں گے، جن میں حب، خضدار، وڈھ، لسبیلہ اور آواران سے تعلق رکھنے والے امیدوار شریک ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امیدواروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے ساتھ سکیورٹی اور شفافیت کے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ انٹرویوز کا عمل منظم اور خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے۔