کوالالمپور: پاکستان ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ کپ 2026 میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 گول سے شکست دے دی۔
سلطان اذلان شاہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ میچ میں حنان شاہد نے دو گول کرکے پاکستان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور پانچویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے فیلڈ گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ 23ویں منٹ میں حنان شاہد نے دوسرا گول کرکے پاکستان کی برتری دگنی کردی۔
تیسرے کوارٹر میں جنوبی کوریا کے سیمن چن نے 35ویں منٹ میں گول کرکے مقابلے میں واپسی کی کوشش کی، تاہم 53ویں منٹ میں حنان شاہد نے اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا گول کرکے برتری مزید مستحکم کردی۔
میچ کے آخری لمحات میں جنوبی کوریا کے من ہیوک لی نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ 2-3 کردیا، لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے آخری وقت تک برتری برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کرلی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری فتح حاصل کرلی اور 4 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن برقرار رکھی۔
پاکستان اپنا آخری لیگ میچ جمعرات کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا۔