تل ابیب: اسرائیل میں عام انتخابات کے بعد اقتدار کی رسہ کشی شروع ہوگئی، ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی مرحلے میں کسی بھی اتحاد کو واضح اکثریت ملتی دکھائی نہیں دے رہی، جبکہ وزیراعظم نیتن یاہو اور اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے کامیابی اور نئی حکومت بنانے کے دعوے سامنے آنے لگے ہیں۔
انتخابی حکام کے مطابق 48 فیصد سے زائد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے، جبکہ حتمی نتائج سامنے آنے میں 48 گھنٹے لگنے کا امکان ہے۔ انتخابات میں 77.7 فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا اور 56 لاکھ 95 ہزار سے زیادہ اسرائیلی شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
اسرائیلی ٹی وی نیٹ ورکس کے ایگزٹ پولز کے مطابق نیتن یاہو کے اتحاد کو 55 نشستیں ملنے کا امکان ہے، جبکہ ان کے حریف گادی آئزن کوٹ کے اتحاد کو 50 نشستیں مل سکتی ہیں۔ عرب جماعتوں کے حصے میں 15 نشستیں آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ میں حکومت بنانے کے لیے 120 میں سے 61 نشستیں درکار ہیں۔ کسی بھی اتحاد کو مطلوبہ اکثریت نہ ملنے کی صورت میں چھوٹی جماعتوں کی حمایت فیصلہ کن ہوسکتی ہے، جبکہ سیاسی مذاکرات طول پکڑنے پر نئے انتخابات کا امکان بھی موجود رہے گا۔
نیتن یاہو کا دعویٰ، اپوزیشن نے حکومت ختم ہونے کا اعلان کردیا
وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کو دائیں بازو کی مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کامیابی کی صورت میں اسرائیل ایرانی خطرے سے ہمیشہ کے لیے محفوظ ہوجائے گا۔
دوسری جانب اپوزیشن رہنما یائر لیپڈ نے انتخابی صورتحال پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی عوام نے ملک کو بچا لیا ہے اور نیتن یاہو کی حکومت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں لیپڈ نے کہا کہ عوام کی کامیابی کے بعد اب نئی حکومت تشکیل دینے پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کے مطابق نئی حکومت ابتدا میں محدود اتحاد پر مشتمل ہوسکتی ہے، جسے بعد میں مزید وسیع کیا جاسکتا ہے۔
لیپڈ نے اپنی جماعت کے کارکنوں، رضاکاروں اور پارلیمان کے ارکان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ سابق وزیراعظم نفتالی بینیٹ کو اپنا بہادر ساتھی اور دوست قرار دیا۔
گادی آئزن کوٹ کا بھی نئی حکومت بنانے کا اعلان
اپوزیشن اتحاد کے رہنما گادی آئزن کوٹ نے دعویٰ کیا کہ ووٹرز نے نیتن یاہو کی طویل حکمرانی کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئی حکومت بنانے کی کوشش کریں گے اور اتنے زیادہ ٹرن آؤٹ کے بعد ملک کو دوبارہ انتخابات کی طرف دھکیلنا مناسب نہیں ہوگا۔
آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کو خبردار کیا کہ قومی سلامتی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
سابق آرمی چیف کی جماعت ’یاشر‘ کی رہنما اوریت فرکاش ہاکوہن نے بھی دعویٰ کیا کہ اسرائیلی عوام مزید نیتن یاہو کی قیادت نہیں چاہتے۔ ان کے مطابق نیتن یاہو کے اتحادی بلاک کو تقریباً 20 نشستوں کا نقصان ہوا ہے، جس کے باعث اس کی پارلیمانی اکثریت متاثر ہوئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے اوریت فرکاش ہاکوہن نے کہا کہ ووٹرز نے نئی قیادت اور مختلف ترجیحات کے حق میں اپنا فیصلہ دے کر تبدیلی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
انتخابی نتائج کے حتمی اعلان اور اتحادی جماعتوں کے فیصلوں کے بعد ہی واضح ہوگا کہ اسرائیل میں نئی حکومت کون تشکیل دیتا ہے اور آیا نیتن یاہو اقتدار برقرار رکھنے کے لیے مطلوبہ حمایت حاصل کر پاتے ہیں یا نہیں۔
[…] بقائی نے اسرائیل کو مغربی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ قرار دیتے […]
[…] میڈیا کے مطابق گادی آئزن کوٹ نے کہا کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں، اتحادی حکومت کی […]