تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے قطر پر زور دیا ہے کہ وہ علاقائی تنازعات میں ثالثی کی ذمہ داریاں پوری کرے اور عوامی بیانات دیتے ہوئے زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق وزارتِ خارجہ کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ محمود مالکی نے یہ ردِعمل قطری وزارتِ خارجہ کے شعبۂ مواصلات کے ڈائریکٹر ابراہیم الہاشمی کے حالیہ بیان پر دیا۔
ابراہیم الہاشمی نے کہا تھا کہ قطر اور خلیج تعاون کونسل کے دیگر رکن ممالک متعدد مرتبہ خطے میں سلامتی کے مشترکہ نظام کے قیام کیلئے اپنی آمادگی ظاہر کر چکے ہیں، تاہم اب ایران کو مجوزہ اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنی نیک نیتی ثابت کرنا ہوگی۔
قطری عہدیدار نے مزید کہا تھا کہ ایران کو اپنے مثبت بیانات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا چاہیے، ہمسایہ ممالک کو دھمکیاں دینے سے گریز کرنا چاہیے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا چاہیے۔
ایرانی اہلکار محمود مالکی نے جواب میں کہا کہ تہران قطر سمیت تمام ممالک سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی پالیسیوں اور طرزِ عمل میں باہمی خیرسگالی کا مظاہرہ کریں اور علاقائی تعلقات میں اعتماد کو فروغ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض اقدامات، بالخصوص ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کیلئے غیر ملکی قوتوں کو اپنی سرزمین یا تنصیبات استعمال کرنے کی اجازت دینا، علاقائی اعتماد اور ہمسایہ ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کے منافی ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے ایسے اقدامات سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے تمام ممالک کو باہمی احترام، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور اعتماد سازی کو ترجیح دینی چاہیے۔