Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان میں منشیات مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، کوئی دباؤ قبول نہیں:بابر یوسفزئی

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے منشیات کے خاتمے کے لیے سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو منشیات مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر داخلہ کے معاون بابر یوسفزئی کے مطابق میر ضیاء اللہ لانگو نے گزشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس میں منشیات کے خلاف مؤثر اور سخت اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔

بابر یوسفزئی نے بتایا کہ ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے نورک میں کینوبس کی فصلیں تلف کرنے کے دوران سیکیورٹی ٹیم پر تین مختلف مقامات اور سمتوں سے فائرنگ کی گئی۔

ان کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔ حملہ آوروں کی فائرنگ رکنے کے بعد اہلکاروں نے اپنی پوزیشنیں دوبارہ سنبھال لیں اور علاقے میں کینوبس کی فصلیں تلف کرنے کا عمل جاری رکھا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں کسی اہلکار کے زخمی یا شہید ہونے کی اطلاع نہیں، تمام اہلکار محفوظ ہیں، جبکہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ منشیات مافیا کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو خوف زدہ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ بلوچستان حکومت منشیات کے کاروبار اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور بلوچستان کے ہر ضلع کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

معاون برائے داخلہ نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی دباؤ یا دھمکی کے باعث کارروائیاں روکی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت عوام کے محفوظ مستقبل کے لیے پرعزم ہے اور منشیات کے خاتمے کے ذریعے نوجوانوں کو محفوظ، صحت مند اور روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More