قلعہ عبداللہ: ضلع قلعہ عبداللہ میں بھنگ کی غیر قانونی کاشت کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سکیورٹی اداروں کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں مختلف علاقوں میں ٹریکٹرز اور جدید مشینری کے ذریعے بھنگ کی فصل تلف کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ منور حسین مگسی نے چمن سکاؤٹس کے بریگیڈیئر ظہرار اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خلیل احمد بگٹی کے ہمراہ ضلع کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بھنگ کی غیر قانونی کاشت کے خلاف جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر کارروائیوں میں حصہ لیا اور مختلف مقامات پر کاشت کی گئی بھنگ کی فصل ٹریکٹرز اور جدید مشینری کی مدد سے تلف کی۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر منور حسین مگسی نے بریگیڈیئر ظہرار اور ڈی پی او خلیل احمد بگٹی کو آپریشن میں اب تک ہونے والی پیش رفت، امن و امان کی صورتحال اور دیگر انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے آپریشن میں مصروف اہلکاروں سے ملاقات بھی کی اور بھنگ کی غیر قانونی کاشت کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر متعلقہ حکام نے عزم ظاہر کیا کہ ضلع قلعہ عبداللہ سے بھنگ کی غیر قانونی کاشت کے مکمل خاتمے، منشیات کی روک تھام اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
حکام کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔