کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اشتراک سے دو روزہ ویمن انٹرپرینیورز ایکسپو ’’ویکس نیٹ‘‘ کا آغاز ہوگیا، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقیِ نسواں ربابہ بلیدی نے بیوٹمز ایکسپو سینٹر میں کیا۔
افتتاحی تقریب میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، انجینئر زمرک خان اچکزئی، سیکرٹری ٹی ڈی اے پی شہریار تاج، وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، چیمبر آف کامرس کے نمائندوں، پی ایچ ڈی ای سی کے چیف ایگزیکٹو محمد نصیر اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ربابہ بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کی ترقی، فلاح و بہبود اور معاشی خودمختاری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی حمایت کی جائے گی۔ خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں آگے لانا اور ان کی تیار کردہ مقامی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا حکومت کا مشترکہ وژن ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ترقیِ نسواں خواتین کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے، مالی معاونت اور قرضوں کے حصول میں سہولت دینے سمیت ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ رواں سال نمائش میں تقریباً 100 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ نمائش میں ان کی تعداد بڑھا کر 300 تک پہنچانے کا ہدف رکھا جائے گا۔
بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے اس اہم اقدام کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ویکس نیٹ جیسی نمائشیں خواتین کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط قائم کرنے اور قومی و عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی خواتین میں کاروباری صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، انہیں مناسب پلیٹ فارم اور سہولیات فراہم کرکے صوبے کی معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں موجودہ حالات کے تناظر میں ایسی کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کا انعقاد خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس سے خواتین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ صوبے میں مثبت کاروباری ماحول کو بھی فروغ ملے گا۔
سیکرٹری ٹی ڈی اے پی شہریار تاج نے بتایا کہ ویکس نیٹ پروگرام کا آغاز 2000 میں کیا گیا تھا اور اب تک ملک بھر میں تقریباً 12 نمائشیں منعقد ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر جام کمال خان کی خواہش تھی کہ بلوچستان کی خواتین کو بھی اپنی مصنوعات اور کاروباری صلاحیتیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔
وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ اور چیمبر آف کامرس کے نمائندوں سمیت دیگر مقررین نے بھی خواتین کی معاشی ترقی، مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ اور کاروباری روابط کے فروغ کے لیے ایسی نمائشوں کو اہم قرار دیا۔
واضح رہے کہ دو روزہ ویکس نیٹ ویمن انٹرپرینیورز ایکسپو 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو بیوٹمز ایکسپو سینٹر کوئٹہ میں جاری رہے گی، جس میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کاروباری افراد اپنی تیار کردہ مصنوعات، دستکاریوں اور ہنر کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔