کوئٹہ: ممتاز بلوچی شاعر، ادیب اور دانشور سید ظہور شاہ ہاشمی کی ادبی خدمات اور فکری ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف زبانوں کے شعراء، دانشوروں اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا اہتمام بلوچی لبزانکی دیوان اور ڈائریکٹوریٹ کلچر اینڈ ٹوریزم بلوچستان کے اشتراک سے کیا گیا۔ سیمینار کے آغاز پر بلوچی لبزانکی دیوان کے چیئرمین یار جان بادینی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سید ظہور شاہ ہاشمی کی تصانیف کا مطالعہ اور ان کے افکار سے استفادہ کرکے ان کے ادبی و فکری مشن کو زندہ رکھا جا سکتا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اپنے خطاب میں سید ظہور شاہ ہاشمی کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچی زبان کے عظیم ادبی ستون تھے، جنہوں نے بلوچی شاعری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔
افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی میر اصغر بلوچ نے سید ظہور شاہ ہاشمی کو ’’بلوچی زبان کا شیکسپیئر‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ ان کے افکار، فلسفے اور ادبی ورثے کو اپنائیں اور اس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
سیمینار کے دوران مختلف دانشوروں اور مصنفین نے تحقیقی مقالے پیش کیے، جن میں سید ظہور شاہ ہاشمی کی ادبی خدمات، تصانیف اور بلوچی زبان و ادب کے لیے ان کی کاوشوں کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں کثیراللسانی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا، جس میں بلوچی، براہوئی، پشتو اور فارسی زبانوں کے نامور شعراء نے اپنا کلام پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی۔
تقریب کے اختتام پر سید ظہور شاہ اکیڈمی کی جانب سے میر اصغر بلوچ اور دیگر معززین نے شرکاء اور مہمانوں میں یادگاری تحائف اور کتابیں تقسیم کیں، جن میں فکرِ نو کی مطبوعات بھی شامل تھیں۔
سیمینار کے منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سید ظہور شاہ ہاشمی کے ادبی ورثے اور بلوچی زبان کے فروغ کے لیے ایسی علمی و ادبی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔