کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے شہر میں غیر قانونی اور بغیر روٹ پرمٹ چلنے والے رکشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے، جعلی پرمٹس کی ضبطی کے معاملے پر پیش رفت اور روٹ پرمٹس کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ظہور احمد بلوچ نے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کوئٹہ کی معاونت سے رپورٹ پیش کی، جس کے مطابق عدالت کے احکامات پر 20 ستمبر 2026 کو رکشہ یونین کے نمائندوں اور ان کے قانونی مشیر کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ڈپلیکیٹ پرمٹس کے اجرا، رکشوں کی سرخ رنگ کی مارکنگ ختم کرنے، تحویل میں لیے گئے رکشوں کو قانونی طریقۂ کار کے تحت اسکریپ کرنے اور پرمٹ ہولڈرز کی بائیومیٹرک تصدیق سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق آر ٹی اے کوئٹہ نے ٹریفک پولیس کے تعاون سے 12 ستمبر سے 6 اکتوبر 2026 تک شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کی خلاف ورزی پر 27 رکشے ضبط کیے، جبکہ چھاپوں کے دوران 10 جعلی روٹ پرمٹس بھی تحویل میں لیے گئے۔
عدالت کو مزید بتایا گیا کہ رکشوں کے دستی روٹ پرمٹس کو کمپیوٹرائز کرنے کے عمل کے تحت اب تک مجموعی طور پر 9,222 پرمٹس کمپیوٹرائز کیے جا چکے ہیں، جبکہ غیر قانونی رکشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
درخواست گزاروں کے وکلا ظفر اقبال محمد حسنی اور شاہ رسول نے اجلاس کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ متعدد تجاویز پر اتفاق ہوا ہے، تاہم سرکاری حکام کو اقدامات میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو کارروائیاں تیز کرنے، روٹ پرمٹس کی کمپیوٹرائزیشن جاری رکھنے اور آئندہ پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
[…] قومی شاہراہوں پر نگرانی اور چیکنگ مزید مؤثر بنانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت بھی کی […]