Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

شام میں اسرائیلی کارروائیاں امن کے لیے خطرہ ہیں، پاکستان

اقوام متحدہ: پاکستان نے شام میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات خطے میں امن و استحکام کے امکانات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ پاکستان نے مقبوضہ شامی علاقے گولان کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق شام کا حصہ قرار دیتے ہوئے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔

پاکستانی مندوب عثمان جدون کا سلامتی کونسل سے خطاب، گولان کی پہچان

 

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کو شام کی انسانی اور سیاسی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان شام میں سیاسی انتقالِ اقتدار، قومی مفاہمت اور معاشی بحالی کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شام کی وحدت اور خودمختاری کا تحفظ خطے میں پائیدار امن کے لیے اہم ہے۔

عثمان جدون نے شامی حکومت کی جانب سے جامع سیاسی عمل آگے بڑھانے اور شامی جمہوری فورسز (ایس ڈی ایف) کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سویدا سمیت دیگر تنازعات کو بات چیت اور پُرامن ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے شام کی تعمیرِ نو اور معیشت کی بحالی کے لیے عالمی برادری سے مسلسل تعاون اور انسانی امداد فراہم کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پابندیوں میں نرمی، سرمایہ کاری میں اضافے اور علاقائی و عالمی اقتصادی شراکت داری سے شامی عوام کی مشکلات کم کرنے اور ملک کی بحالی میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں، بشمول غیر ملکی جنگجوؤں، کے خطرات سے نمٹنے اور شامی سلامتی کے اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب شام میں اسرائیلی سرگرمیوں پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ شام کی صورت حال کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کے کمیشن نے اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ شہریوں کو حراست میں لینے سمیت بعض اقدامات جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اگست میں شمال مغربی شام کے ایک فوجی اڈے پر اسرائیل کے آٹھ فضائی حملے بھی کیے گئے تھے۔ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیل نے جنوب مغربی شام میں مزید علاقوں پر قبضہ کیا اور شامی فوج کے بھاری ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کو بھی نشانہ بنایا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] کیا جائے گا اور غفلت ثابت ہونے پر متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متاثرین کی مالی امداد کا […]

  2. […] شامی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں خطے کو پہلے سے زیادہ مشترکہ دفاعی نظام اور دفاعی صلاحیتوں کی ضرورت ہے۔ […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More