کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت سرکاری محکموں کی کارکردگی کے جائزے اور اصلاحات سے متعلق اجلاس دوسرے روز بھی جاری رہا، جس میں انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانے، محکموں کی تنظیمِ نو اور عوامی خدمات کے معیار میں بہتری لانے سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں سرکاری مشینری کو زیادہ فعال اور جواب دہ بنانے، محکموں کی فعالیت بہتر کرنے اور انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور فرائض کی انجام دہی میں حائل غیر ضروری رکاوٹیں دور کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
شرکاء نے اس امر کا جائزہ لیا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کو قابلِ پیمائش نتائج سے کیسے منسلک کیا جا سکتا ہے، جبکہ عوامی وسائل کے بہتر استعمال اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کو عملی نتائج سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔ عوامی وسائل کا مؤثر استعمال اور سرکاری اداروں کی استعدادِ کار میں اضافہ بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکموں کی ذمہ داریوں اور دائرہ کار کا مؤثر تعین انتظامی امور میں بہتری اور کارکردگی بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اصلاحات کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں کو زیادہ مؤثر بنانا اور عوام کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
[…] بلوچستان نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے بغیر ترقی، عوامی فلاح اور […]