کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا کے ساتھ ان کے ذاتی تعلقات عزت و احترام پر مبنی ہیں اور وہ ان کی سیاسی بصیرت اور تجربے کا احترام کرتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کا موازنہ کرتے وقت زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ دہشت گردی، قومی سلامتی اور قومی و عسکری قیادت سے متعلق گفتگو میں ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیاسی اختلافات کے باوجود حکومت اور اپوزیشن دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں، جبکہ قومی سلامتی اور امن و امان کے معاملات کو سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کے افسران اور جوان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان قربانیوں اور دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے دکھ کو سیاسی بحث میں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے بغیر ترقی، عوامی فلاح اور معاشی استحکام کے اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ بیانات کے بجائے حقائق، عملی اقدامات اور عوام کو فراہم کردہ نتائج کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔
میر سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی سلامتی سیاست سے بالاتر ہے، اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، مگر خدارا ریاست کو سیاست کی نذر نہ کیجیے۔