Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

ایران کا آبنائے ہرمز بند رکھنے کا اعلان، بحری جہازوں کو سخت وارننگ

 تہران: ایران کی پاسداران انقلاب نیوی نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز کو بند قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پاسداران انقلاب نیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت ممنوع ہے۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ ایرانی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے جہاز امریکی فوج پر بھروسا کرکے محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔

 

 پاسداران انقلاب نیوی کا ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کو تباہی سے خبردار کرنے کا دعویٰ، خطے میں ٹینکروں پر حملوں اور بحری بارودی سرنگوں کے خطرات کے باعث جہاز رانی متاثر۔

 

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ آج صبح 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے جانے والا ایک سپر ٹینکر غیر مجاز راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کے دوران بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ تاہم اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق فراہم نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ تیسرا یا چوتھا بڑا واقعہ ہے۔ متحدہ عرب امارات سے منسلک ٹینکر ’ایم ٹی ایس ٹی 3‘ دھماکے کے بعد آبنائے ہرمز میں جل اٹھا، جبکہ سعودی ساحل کے قریب دو دیگر ٹینکروں پر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ مزید برآں، 13 اکتوبر کو اسی علاقے میں ایک کنٹینر شپ ڈوبنے کی اطلاع دی گئی تھی۔

بھارتی وزارتِ جہاز رانی نے بھی تصدیق کی کہ 15 بھارتی عملے کے ارکان پر مشتمل ایک ٹینکر میزائل حملے کا نشانہ بنا، تاہم تمام ارکان محفوظ رہے۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان سردار محبی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہونے کا مطلب روزانہ تقریباً 125 جہازوں اور 2 کروڑ بیرل تیل کی نقل و حرکت ہے۔ ان کے مطابق، چونکہ اس پیمانے پر آمدورفت نہیں ہو رہی، اس لیے آبنائے کو کھلا قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے امریکا پر الزام لگایا کہ وہ رات کی تاریکی میں چند جہاز گزار کر راستہ کھلا ہونے کا تاثر دیتا ہے۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا اہم راستہ ہے، جہاں سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل کی رسد گزرتی ہے۔ اس راستے میں رکاوٹوں سے عالمی توانائی کی فراہمی اور بحری تجارت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) نے اپنی ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ موجود بحری بارودی سرنگوں کے باعث اس راستے سے گزرنا غیر محفوظ ہو سکتا ہے۔ برطانوی میری ٹائم ادارے کے مطابق بعض حملوں کا نشانہ بننے والے جہاز تجارتی جرمانوں کے خدشے کے باعث باضابطہ طور پر مدد طلب کرنے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے پسِ پردہ مذاکرات جاری ہیں، تاہم رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران کی تازہ پیشکش مسترد کر دی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More