کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان جغرافیائی اعتبار سے زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کے لیے موزوں خطہ ہے اور صوبہ پورے پاکستان کی غذائی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ ان شعبوں کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرتے ہوئے مقامی کاشتکاروں، مالداروں اور ماہی گیروں کو جدید ٹیکنالوجی، وسائل اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
زراعت، لائیو اسٹاک اور ماہی گیری کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنا ہوگا، پہلی بلوچستان فوڈ نمائش 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب
انہوں نے یہ بات عالمی یومِ خوراک کے موقع پر اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے زیر اہتمام پہلی بلوچستان فوڈ نمائش 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں ایف اے او کے سب آفس کے سربراہ ولید مہدی، بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ، زرعی کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شہنشاہ خان، زراعت کے ماہرین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ عالمی یومِ خوراک اور پہلی بلوچستان فوڈ نمائش کا افتتاح ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ بلوچستان بنیادی طور پر مالداری اور گلہ بانی کا خطہ ہے، جہاں وسیع چراگاہیں اور لائیو اسٹاک کی پیداوار کے ساتھ غذائی مصنوعات کی برآمدات کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کا شعبہ دیہی معیشت کے مضبوط ستونوں میں شامل ہے۔ ژوب ڈویژن اپنی وسیع مون سون چراگاہوں اور مال مویشی کے قیمتی وسائل کے باعث صوبے کی صلاحیت کی نمایاں مثال ہے۔ ان کے مطابق ژوب ڈویژن کے مویشی سعودی عرب میں تقریباً 25 لاکھ حجاج کرام کی غذائی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گورنر مندوخیل نے زور دیا کہ مالداری کے روایتی طریقوں کو جدید، پیداواری اور برآمدات پر مبنی صنعت میں تبدیل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر اور مکران کی طویل ساحلی پٹی پائیدار ماہی گیری، سمندری خوراک کی پراسیسنگ، آبی زراعت اور سمندر سے وابستہ صنعتوں کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ ساحلی علاقوں کے لوگوں کو اس شعبے میں قیمتی تجربہ اور مہارت حاصل ہے، جس سے فائدہ اٹھا کر مقامی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
زراعت کے حوالے سے گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبہ اعلیٰ معیار کے زیتون، سیب، انگور، چیری، انار اور کھجور سمیت مختلف پھلوں کی پیداوار کے لیے مشہور ہے۔ خصوصاً لورالائی کے زیتون میں بین الاقوامی منڈیوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید کولڈ اسٹوریج، معیاری پیکیجنگ، فوڈ پراسیسنگ اور بہتر نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرکے فصلوں کی برداشت کے بعد ہونے والے نقصانات کم کیے جاسکتے ہیں، جس سے کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافہ اور زرعی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ مل سکتا ہے۔
جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ عالمی یومِ خوراک دنیا بھر میں بھوک، غذائی قلت اور متوازن خوراک تک رسائی کی کمی جیسے مسائل کی نشاندہی کرتا ہے۔ پہلی بلوچستان فوڈ نمائش محض زرعی مصنوعات کی نمائش نہیں بلکہ کاشتکاروں، محققین، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نمائش مستقل پلیٹ فارم کی شکل اختیار کرے گی اور بلوچستان میں زرعی و غذائی شعبوں میں سرمایہ کاری اور عملی اقدامات کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔ گورنر نے نمائش کے منتظمین، ایف اے او اور شریک اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر گورنر بلوچستان نے پہلی بلوچستان فوڈ نمائش 2026 میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور نمائش میں پیش کی جانے والی مصنوعات کا جائزہ لیا۔
[…] جی پولیس بلوچستان محمد طاہر حیات نے یقین دہانی کرائی کہ ٹرانسپورٹرز کے […]
[…] جعفر خان مندوخیل کا کہنا تھا کہ عالمی یومِ ترقیاتی معلومات منانے کا بنیادی مقصد اہم معاشی اور سماجی ترقیاتی چیلنجز کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا اور عوام کو ان مسائل سے آگاہ کرنا ہے جو پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ […]