گوادر: سیکریٹری میری ٹائم افیئرز کیپٹن (ر) محمد خرم آغا دو روزہ دورے پر گوادر پورٹ پہنچ گئے، جہاں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کا مقصد بندرگاہ کے انتظامی امور، جاری سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں کیپٹن (ر) محمد خرم آغا کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ نے بندرگاہ کی مجموعی پیش رفت اور مختلف منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو 1.2 ملین گیلن یومیہ صلاحیت کے حامل واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ، گوادر فری زون کی سرگرمیوں، گوادر انٹرنیشنل ٹرمینل لمیٹڈ کے امور اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے ماسٹر پلان سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے دوران گوادر پورٹ کی تجارتی اہمیت، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، فری زون کی ترقی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ بندرگاہ کا بنیادی ڈھانچہ، ٹرمینل کی سرگرمیاں اور صنعتی و تجارتی منصوبے گوادر کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق گوادر پورٹ کو خطے میں تجارت، ٹرانس شپمنٹ، ٹرانزٹ ٹریڈ اور بحری معیشت کے فروغ کے لیے ایک اہم تجارتی مرکز کی حیثیت حاصل ہے۔ گوادر فری زون کی ترقی اور بندرگاہ سے منسلک کاروباری سرگرمیوں میں توسیع مقامی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔
اجلاس میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے ماسٹر پلان سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے، جس کا مقصد بندرگاہ اور اس سے منسلک تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کی مستقبل کی منصوبہ بندی کو مربوط بنانا ہے۔
سیکریٹری میری ٹائم افیئرز کا یہ دورہ بندرگاہ کے انتظامی اور ترقیاتی معاملات کا جائزہ لینے، جاری منصوبوں پر پیش رفت جاننے اور متعلقہ حکام سے براہِ راست تبادلہ خیال کرنے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔
[…] حوالے سے جامعہ گوادر کے شعبۂ کامرس کے چیئرپرسن زین العابدین نے گوادر چیمبر […]