Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان کو مزید انتظامی اکائیوں، فعال بلدیاتی نظام اور اضافی وسائل کی ضرورت ہے: وزیراعلیٰ

 کوئٹہ:   وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش گورننس کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے اور انتظامی امور عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے مزید انتظامی اکائیوں، مؤثر بلدیاتی نظام اور اضافی وسائل کی ضرورت ہے۔ بلوچستان جیسے وسیع رقبے پر مشتمل صوبے کو صرف کوئٹہ سے بیٹھ کر چلانا ایک بڑا انتظامی چیلنج ہے، اس لیے ملک میں انتظامی تنظیمِ نو، نئے صوبوں کے قیام اور موجودہ گورننس ماڈلز کا سنجیدہ جائزہ لینا ہوگا۔

صنوبر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پاکستان کی انتظامی تنظیمِ نو اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قومی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گورننس کے موجودہ نظام پر قومی مکالمے کا آغاز خوش آئند ہے، تاہم اس بحث کو سیمینارز اور ہوٹلوں تک محدود رکھنے کے بجائے پارلیمنٹ میں لے جانا اور وسیع تر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان میں گورننس کے موجودہ ماڈلز کو برقرار رکھنے یا ان کی تشکیلِ نو کے حوالے سے بحث جاری ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

 

قومی سطح پر یہ جائزہ لینا ضروری ہے کہ ویسٹ منسٹر طرزِ جمہوریت عوام کو کس حد تک مطلوبہ نتائج فراہم کر رہی ہے اور آیا انتظامی تقسیم اور جغرافیائی وسعت بھی عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پنجاب سے واہگہ بارڈر کے راستے سفر شروع کرکے راجن پور کے قریب شاہوالی پہنچنے میں تقریباً چھ سے سات گھنٹے لگتے ہیں، جبکہ بلوچستان کے کسی ایک ضلع کے اندر ایک مقام سے دوسرے مقام تک سفر میں بھی دس گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ فرق بلوچستان کی جغرافیائی وسعت اور انتظامی ضروریات کو سمجھنے کے لیے کافی ہے۔

انہوں نے اپنے دورِ وزارتِ داخلہ کے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ خضدار کے دور دراز علاقے سارونہ کے قریب ایک مزار پر خودکش حملے کے بعد ایک اینکر پرسن نے ان سے سوال کیا کہ ڈپٹی کمشنر جائے وقوعہ پر کیوں نہیں پہنچے۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ضلعی ہیڈکوارٹر سے جائے وقوعہ تک پہنچنے میں تقریباً نو گھنٹے درکار تھے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایک افسر کو اپنے ہی ضلع میں ہنگامی صورتحال پر ردعمل دینے کے لیے نو گھنٹے سفر کرنا پڑے تو یہ انتظامی ڈھانچے اور جغرافیائی فاصلے کے درمیان موجود بنیادی مسئلے کی نشاندہی کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت وسائل کی تقسیم میں آبادی کو بنیادی اہمیت دی جاتی ہے، تاہم انتظامی ضروریات، جغرافیائی وسعت اور عوام تک خدمات کی رسائی کو بھی مناسب اہمیت ملنی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے وقت بلوچستان میں ڈویژنز کی تعداد آٹھ تھی، جسے بڑھا کر بارہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اضلاع کی تعداد تقریباً 36 سے بڑھا کر 41 کی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد بڑے اضلاع کو چھوٹی انتظامی اکائیوں میں تقسیم کرکے انتظامی امور آسان بنانا اور عوام کو سرکاری خدمات تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اپنے انتظامی اختیارات کے تحت ممکنہ اقدامات کیے ہیں، تاہم آئینی ترامیم اور بڑے قومی فیصلوں کے لیے وسیع تر سیاسی اتفاق رائے ضروری ہے۔

بلدیاتی نظام کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وسائل کی کمی اہم مسئلہ ہے، تاہم بلوچستان میں بلدیاتی نظام موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں بلدیاتی اداروں کی موجودہ مدت 8 فروری کو مکمل ہو رہی ہے اور صوبائی حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ کر درخواست کر چکی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری تاریخ دی جائے تاکہ جمہوری عمل کا تسلسل برقرار رہے۔

قومی سیاست میں بلوچستان کی نمائندگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خود ایک مرکزی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنی جماعت کی جانب سے ملنے والے اعتماد کے شکر گزار ہیں، تاہم ملک کی سیاسی ترجیحات اور نمائندگی کے تناسب کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان سے منتخب ہونے والے ارکانِ قومی اسمبلی کی تعداد گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد ڈویژنز میں سے ہر ایک کی نمائندگی سے بھی کم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مرکزی سیاسی جماعتیں بلوچستان کے مسائل، ضروریات اور ترقیاتی ترجیحات کو زیادہ سنجیدگی سے سمجھیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیاست دانوں کی بنیادی ذمہ داری قانون سازی ہے، لیکن پاکستان میں سیاسی عمل بڑی حد تک نالیوں، سڑکوں اور مقامی ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنے تک محدود ہو گیا ہے۔ اس رجحان سے قانون سازی، پالیسی سازی اور قومی مسائل پر توجہ متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ مقامی مسائل منتخب بلدیاتی نمائندے حل کریں اور صوبائی و قومی سطح کے منتخب نمائندے قانون سازی اور وسیع تر پالیسی معاملات پر توجہ دے سکیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کو مرکزی سیاسی جماعتوں، قومی ذرائع ابلاغ، اہلِ دانش، متعلقہ اداروں اور بالخصوص بیوروکریسی کی سنجیدہ توجہ درکار ہے۔ صوبے کے مسائل محض بیانات سے حل نہیں ہوں گے، بلکہ انتظامی ڈھانچے کی مؤثر تنظیمِ نو، مزید انتظامی اکائیوں کے قیام، مضبوط بلدیاتی نظام اور آبادی کے ساتھ جغرافیائی وسعت و ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب وسائل کی فراہمی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی انتظامی اور ترقیاتی ضروریات کو قومی پالیسی سازی میں مناسب مقام دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی اس معاملے اور بلوچستان کی مجموعی سیاسی و امن و امان کی صورتحال پر دیگر ہم خیال […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More