لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور خواتین و بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس افسران کو چار ہفتوں کی مہلت دے دی، ناکامی کی صورت میں متعلقہ افسران کو عہدوں سے ہٹانے کا انتباہ بھی جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف ڈویژنوں اور اضلاع کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ چار ہفتوں میں حالات بہتر نہ ہوئے تو متعلقہ پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
مریم نواز شریف نے گندم کی سمگلنگ روکنے، پولیس میں رشوت ستانی کے خلاف مہم تیز کرنے، بدعنوان اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور اوور سپیڈنگ کی روک تھام کا بھی حکم دیا۔ اس کے علاوہ ناجائز اسلحے کے خلاف کارروائی، جاسوسی آلات پر پابندی کے نفاذ اور پولیس پٹرولنگ بڑھانے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ نے راولپنڈی ڈویژن کی امن و امان کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے آر پی اوز کو جرائم کی روک تھام کے لیے ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے اور ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پنجاب میں بدمعاشی کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ منشیات کے خاتمے اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو تاحیات تنخواہ اور خصوصی پیکج دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔
[…] دینے اور گرفتاری کے بعد چھوڑنے کے معاملے پر ڈیفنس بی پولیس کے ایس ایچ او سمیت تین اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی […]
[…] بلدیات کے مطابق پنجاب حکومت نے بلدیاتی ایکٹ 2025 کے تحت انتخابات کے انعقاد کے […]