ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے سینئر سفارت کار اور وزیر مملکت لانا زکی نسیبہ کو باضابطہ طور پر نامزد کردیا ہے۔
اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے لانا نسیبہ کی نامزدگی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور کو خط ارسال کیا، جس کے بعد عالمی ادارے کی آئندہ قیادت کے انتخاب میں متحدہ عرب امارات بھی باضابطہ طور پر شامل ہوگیا ہے۔
لانا نسیبہ 2013 سے 2024 تک اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اس دوران وہ جنرل اسمبلی کی نائب صدر، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی انتظامی کونسل کی صدر اور سلامتی کونسل کی دو مرتبہ صدر بھی رہیں۔
ان کی سفارتی خدمات میں عالمی امن و سلامتی، انسانی امداد، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی اداروں میں اصلاحات کے فروغ کو اہمیت حاصل رہی ہے۔
نامزدگی کے خط میں اماراتی صدر نے لانا نسیبہ کے وسیع سفارتی تجربے، عالمی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔
اپنی امیدواری کے حوالے سے لانا نسیبہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کو عالمی بحرانوں کا محض مشاہدہ کرنے کے بجائے ان کے حل کے لیے مؤثر سفارتی کردار ادا کرنا چاہیے۔
لانا نسیبہ کی نامزدگی کو خلیجی سطح پر بھی حمایت حاصل ہوئی ہے، جہاں خلیج تعاون کونسل کے تمام چھ رکن ممالک نے ان کی امیدواری کی تائید کی ہے۔
اگر لانا نسیبہ منتخب ہوگئیں تو وہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون سیکرٹری جنرل ہوں گی، جبکہ وہ مصر کے بطرس بطرس غالی کے بعد اس عہدے تک پہنچنے والی دوسری عرب شخصیت بھی بن سکتی ہیں۔
اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مدتِ عہدہ 31 دسمبر 2026 کو ختم ہوگی، جبکہ نئے سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں جنوری 2027 سے شروع ہوں گی۔
اقوام متحدہ کے طریقۂ کار کے مطابق نئے سیکرٹری جنرل کی تقرری سلامتی کونسل کی سفارش پر جنرل اسمبلی کرے گی۔ اس وقت مختلف امیدواروں کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، تاہم کسی امیدوار کے انتخاب کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
[…] میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا […]