Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

چینی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں ترقی، صنعتی وسعت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، بلال خان کاکڑ

 اسلام آباد: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ دوستی اور اقتصادی تعاون بلوچستان میں ترقی کے نئے امکانات پیدا کر سکتے ہیں۔ سی پیک اور معدنی منصوبوں میں چینی شراکت داری صوبے کے قدرتی وسائل کو معاشی ترقی میں تبدیل کرنے، صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں چینی کاروباری نمائندے مسٹر ڈو جون جی (Du Junjie) سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں بلوچستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری، قدرتی وسائل کی تلاش و ترقی اور حکومت بلوچستان کے ساتھ چینی سرمایہ کاروں کے اشتراکِ عمل کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلال خان کاکڑ نے کہا کہ چین نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ سی پیک نے بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت اور معاشی امکانات کو مزید اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس تعاون کو معدنی وسائل کی ترقی، صنعتی سرمایہ کاری اور مقامی معیشت کے استحکام کے لیے مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔

وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ اقتصادی تعاون اور مشترکہ ترقی کے وسیع امکانات بھی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معدنی شعبے میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی ایک اہم موقع ہے، جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور صوبے کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More