کوئٹہ: سبزل روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں مری قبیلے کے تین افراد کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر پودگلی چوک کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مبینہ طور پر مالی تنازعے کے باعث پیش آیا۔
واقعے کے خلاف مقتولین کے لواحقین اور اہلِ علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے سبزل روڈ کو بند کردیا تھا، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صورتحال پر قابو پانے اور مظاہرین کے تحفظات دور کرنے کے لیے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی اور ایس ایس پی آپریشنز موقع پر پہنچے، جہاں انہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ اس دوران مظاہرین کے مطالبات سنے گئے اور واقعے میں قانونی کارروائی سمیت متعلقہ حکام کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرنے اور سڑک کھولنے پر اتفاق ہوگیا، جس کے نتیجے میں سبزل روڈ پر ٹریفک بحال ہوگئی اور شہریوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی۔
معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایسے واقعات میں قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے پُرامن مذاکرات اور باہمی بات چیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
[…] کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی […]