راولپنڈی: 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے آئی ایس پی آر نے خصوصی نغمہ جاری کر دیا۔
خصوصی نغمے میں دلوں کو گرما دینے والے بول اور ولولہ انگیز دھن کے ذریعے کشمیری عوام کے عزم، حوصلے اور آزادی کی امید کو اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے میں مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم، خواتین اور بچوں پر تشدد اور آزادی کی جدوجہد میں دی جانے والی لازوال قربانیوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔
نغمہ کشمیری عوام کی ثابت قدمی، استقامت اور حقِ خودارادیت کیلئے جاری جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔ اس میں حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور برہان وانی کو تحریکِ آزادی کی نمایاں شخصیات کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
خصوصی نغمے میں ابھینندن کی گرفتاری اور میزائل فائرنگ کے واقعات کا حوالہ دے کر پاکستان کی دفاعی صلاحیت، تیاری اور قومی عزم کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے کے اختتام پر بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری یہ نغمہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی، ان کی قربانیوں کے اعتراف اور آزادی کی امید کو نمایاں کرتا ہے۔