Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

وویمن یونیورسٹی کو ملک کی ماڈل یونیورسٹی بنانا ہمارا عزم ہے، گورنر بلوچستان

 کوئٹہ، 27 اکتوبر: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کو صوبے کی واحد خواتین یونیورسٹی ہونے کے ناطے اولین ترجیح دی جا رہی ہے، لہٰذا یونیورسٹی انتظامیہ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اسے ملک کی نمبر ون اور ماڈل یونیورسٹی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ اس تعلیمی ادارے کو مزید بہتر بنا کر پورے ملک کے لیے ایک مثالی یونیورسٹی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ ایوارڈز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہاں محققین، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈز دیے گئے۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر زینب بی بی، پرنسپل سیکرٹری عبدالناصر دوتانی، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی۔

گورنر بلوچستان نے اپنے چالیس سالہ سیاسی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایوارڈ دینے سے زیادہ اہم اس کے اصل حقدار کا درست انتخاب ہے۔

اگر مستحق فرد کی شناخت درست نہ ہو تو اس سے ایوارڈ اور اسے دینے والے دونوں کی قدر و اعتبار متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اقربا پروری سے پاک میرٹ، دیانت داری اور غیر جانب داری ہی کسی اعزاز کو حقیقی وقار عطا کرتی ہے۔

انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس معاشرے میں محنت اور خدمت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے، وہاں اہلیت اور قابلیت کو فروغ ملتا ہے اور مایوسی کی جگہ امید جنم لیتی ہے۔ ان کے مطابق تقریب کا بنیادی پیغام بھی یہی ہے کہ محنت، خدمت اور انسانی ضروریات سے ہم آہنگ تحقیق کی قدر کی جائے، کیونکہ ایک فرد کی کامیابی پورے ادارے کے لیے نئی تحریک بن سکتی ہے۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے کے نوجوانوں کا اعتماد اسی صورت حاصل کر سکتی ہے جب سرکاری کارکردگی میں شفافیت لائی جائے اور میرٹ کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے شخص کی غیر معمولی محنت، قابلیت اور خدمات کو بلا تفریق تسلیم کرنا بذاتِ خود ایک سماجی خدمت ہے۔ ایوارڈز کا مقصد ان افراد کی جدوجہد کو اجاگر کرنا ہے جن کی خدمات اور تخلیقی صلاحیتیں اکثر نظروں سے اوجھل رہتی ہیں۔

گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ حقیقی کامیابی محض اپنے اور اپنے خاندان کے لیے خوش حال زندگی حاصل کرنے یا ذاتی منزل تک پہنچنے کا نام نہیں، بلکہ معاشرے کو جہالت، پسماندگی اور استحصال سے نجات دلانے، ماتحتوں کے حقوق و اختیارات کا تحفظ کرنے اور محروم طبقات کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے میں ہے۔

انہوں نے بہترین استاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایک اچھا استاد صرف وسیع علم رکھنے والا نہیں ہوتا بلکہ وہ اپنے طلبہ میں تحقیق، جستجو، تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتا ہے۔ اسی طرح ایک محقق کی اصل اہمیت اس کے کام کے معاشرے پر مثبت اور تعمیری اثرات سے متعین ہوتی ہے۔

گورنر نے محققین پر زور دیا کہ وہ محض تحقیقی مقالوں کی تعداد بڑھانے کے بجائے انسانی مسائل اور درپیش چیلنجز کے پائیدار حل تلاش کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی استاد، محقق یا اسکالر کی محنت کو بروقت سراہا جاتا ہے تو یہ نہ صرف اس کی سابقہ کامیابیوں کا اعتراف ہوتا ہے بلکہ اس کی مستقبل کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار بھی ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دیا جانے والا ایک باوقار ایوارڈ مستقبل میں کسی نئی تحقیق، ایجاد یا سماجی تبدیلی کا محرک بن سکتا ہے، اس لیے ایوارڈز کو سفر کے اختتام کے بجائے نئی ذمہ داریوں اور کامیابیوں کے آغاز کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

تقریب کے آغاز میں گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محققین، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران میں بیسٹ پرفارمنس ایوارڈز تقسیم کیے اور یونیورسٹی میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] موقع پر بلوچستان کے نظامِ انصاف سے متعلق اداروں کے لیے پروگرام کے تحت […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More