Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بجلی صارفین پر 32 ارب روپے سے زائد اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ، نیپرا نے فیصلہ محفوظ کرلیا

 کراچی: (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

درخواست منظور ہونے کی صورت میں کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 32 ارب 66 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ منتقل ہونے کا امکان ہے۔

سماعت کے دوران سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے حکام نے بتایا کہ ستمبر میں بجلی کی اوسط فیول لاگت 10 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ اس مد میں 7 روپے 46 پیسے فی یونٹ لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

سی پی پی اے کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی پیداوار پر مجموعی طور پر 127 ارب 87 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر 7 ارب 95 کروڑ روپے، درآمدی کوئلے پر 37 ارب 14 کروڑ روپے، ڈیزل پر 13 ارب 26 کروڑ روپے اور فرنس آئل پر 11 ارب 81 کروڑ روپے لاگت آئی۔

اسی طرح مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار پر 13 ارب 89 کروڑ روپے جبکہ ایل این جی کے ذریعے بجلی بنانے پر 31 ارب 93 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ حکام کے مطابق ڈسکوز نے اس دوران مجموعی طور پر 12 ارب 76 کروڑ یونٹ بجلی فروخت کی۔

پاور ڈویژن کا مؤقف تھا کہ ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک پہنچنے کا خدشہ تھا، تاہم دو گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے اضافے کو 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ تک محدود رکھا گیا۔

واضح رہے کہ سی پی پی اے نے ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی، جس پر اتھارٹی نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More