Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری قومی سلامتی کا معاملہ بن چکی ہے: محمد علی

 اسلام آباد: چیئرمین نجکاری کمیشن اور مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے کے دیرینہ مسائل حل نہ کرنا اب ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکا ہے، ڈسکوز کی نجکاری صرف معاشی اصلاحات نہیں بلکہ قومی سلامتی سے جڑا اہم معاملہ ہے۔

محمد علی کے مطابق حکومت نے پہلے مرحلے میں اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے، جن کے لیے ڈیو ڈیلیجنس کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ان تینوں کمپنیوں کی نجکاری مکمل کرلی جائے، تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے مزید وقت مانگنے پر اس عمل میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے اور 2027ء کی دوسری سہ ماہی میں اس حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔ لاہور، ملتان، پشاور اور ہزارہ ڈسکوز کی نجکاری کی تیاری بھی جاری ہے، جبکہ 2027ء کے دوسرے نصف میں مزید کمپنیوں کے حوالے سے پیش رفت کی توقع ہے۔

چیئرمین نجکاری کمیشن کا کہنا تھا کہ ڈسکوز کی نجکاری کا مقصد بجلی کی قیمتوں میں کمی، سروسز کے معیار میں بہتری اور توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات متعارف کرانا ہے۔

ان کے مطابق بجلی مہنگی ہونے کے باعث پاکستانی صنعتوں کو عالمی منڈی میں مقابلے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ملکی برآمدات طویل عرصے سے تقریباً 30 ارب ڈالر تک محدود ہیں۔

محمد علی نے خبردار کیا کہ صارفین تیزی سے سولر سسٹم اور بیٹری اسٹوریج کی طرف منتقل ہورہے ہیں۔ اگر بجلی کے شعبے میں اصلاحات نہ کی گئیں تو مستقبل میں صارفین قومی گرڈ سے بجلی خریدنا ترک کرسکتے ہیں، جس سے پاور سیکٹر کے مالی مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی کے شعبے میں مسابقتی نظام متعارف کرانے کی تیاری بھی جاری ہے، جس کے تحت صارفین کو اپنی پسند کی بجلی فراہم کرنے والی کمپنی منتخب کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ اس نظام میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنیاں بہتر سروسز اور کم نرخوں کے ذریعے صارفین کو راغب کرسکیں گی۔

محمد علی کے مطابق ڈسکوز کی نجکاری سے قبل طویل مدتی ٹیرف پالیسی کی منظوری کی تجویز زیر غور ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو بجلی کے نرخوں، سرمایہ کاری کے تحفظ اور کاروباری ماحول سے متعلق واضح پالیسی فراہم کی جاسکے۔ اصلاحاتی دستاویز بھی تیار کرلی گئی ہے اور متعلقہ سرکاری اداروں سمیت ممکنہ سرمایہ کاروں سے مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجکاری کے بعد موجودہ ملازمین کے مفادات کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہوگا، اس مقصد کے لیے عبوری مدت کے دوران ملازمین کو ملازمت سے فارغ نہ کرنے کی ضمانت دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

چیئرمین نجکاری کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو بجلی کے لائن لاسز میں کمی اور بلوں کی وصولی بہتر بنانے پر مراعات دینے کی تجویز ہے، جبکہ کمپنیوں کی کارکردگی بہتر ہونے سے حاصل ہونے والے فوائد صارفین تک بھی منتقل کیے جائیں گے۔

بجلی کے شعبے کے مالی مسائل پر بات کرتے ہوئے محمد علی نے بتایا کہ پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت تقریباً 40 ہزار میگاواٹ ہے، جبکہ کیپیسٹی پیمنٹس کی مد میں تقریباً 1700 ارب روپے ادا کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی سستی فراہمی کے لیے موجودہ پیداواری معاہدوں سے متعلق مسائل حل کرنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور سوئی گیس کمپنیوں کی نجکاری کے امکانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ پی ایس او کے بعض اسٹریٹجک شعبے حکومت کے پاس رکھنے جبکہ غیر اسٹریٹجک شعبے نجی شعبے کو منتقل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

محمد علی کے مطابق حکومت کا ہدف توانائی کے شعبے کو مالی طور پر مستحکم، مؤثر اور مسابقتی بنانا ہے تاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی، صنعتی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافے اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More