Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

اسلام آباد: چین کا عوام دوست طرزِ حکمرانی قابلِ تقلید ہے، اسحاق ڈار

 اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کا عوام سے مضبوط رابطے کا نظام دیگر ممالک کے لیے قابلِ تقلید ہے، چین کی غیر معمولی ترقی میں جماعتی تنظیم سازی، خود احتسابی اور عوامی فلاح کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو ہائی شنگ کے ہمراہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے چینی وزیر کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جبکہ چینی کمیونسٹ پارٹی اپنی 105ویں سالگرہ منا رہی ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے عوام دوست حکمرانی کے ذریعے قومی ترقی اور احیا کی نئی مثال قائم کی ہے۔

چین نے کروڑوں افراد کو غربت سے نکال کر عالمی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل عبور کیا۔ پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے پانچ نکاتی امن اقدام بھی شروع کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی جماعتوں کا تعاون اور مشاورت کا مؤثر نظام موجود ہے، جبکہ چین پاکستان سیاسی جماعتوں کا فورم اور سی پیک جوائنٹ کنسلٹیشن میکانزم دوطرفہ روابط کے اہم پلیٹ فارم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے اور پاکستان چین کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ سی پیک کو سیاسی جماعتوں کے مشترکہ مشاورتی نظام کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ پاکستان اور چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق چین کی ترقی میں پارٹی بلڈنگ اور خود احتسابی نے اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ عوامی فلاح اور عوام سے مسلسل رابطہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے طرزِ حکمرانی کی نمایاں خصوصیات ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں شفافیت اور احتساب جمہوری نظام کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک پارٹنرشپ خطے میں استحکام کی ضمانت ہے۔

اس موقع پر چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو ہائی شنگ نے کہا کہ موجودہ چین کو سمجھنے کے لیے کمیونسٹ پارٹی کے کردار اور اس کے نظامِ حکمرانی کو سمجھنا ضروری ہے۔ صدر شی جن پنگ نے نئے اسٹریٹجک تصورات متعارف کرائے ہیں، جبکہ چین کے حکومتی نظام کے پیچھے ایک مضبوط سیاسی جماعت موجود ہے۔

لیو ہائی شنگ کا کہنا تھا کہ شی جن پنگ کے جماعتی تنظیم سازی سے متعلق نظریات کو سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان طرزِ حکمرانی اور انتظامی تجربات پر تبادلہ خیال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر استوار ہیں اور سیاسی قیادت دوطرفہ شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

شیری رحمان نے مزید کہا کہ چین کی مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی دنیا کے لیے قابلِ تقلید ہے۔ شی جن پنگ کا وژن عوامی فلاح، بہتر طرزِ حکمرانی اور بدعنوانی کے خاتمے پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] میں شی جن پنگ نے چین اور عمان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور بڑھتے […]

  2. […] گزاروں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More