Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

قلعہ عبداللہ دھرنا ختم، حکومتی یقین دہانی پر تنگ مسےزئی کے مقام پر شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی

 قلعہ عبداللہ: حکومتی وفد اور دھرنا کمیٹی کے درمیان طویل مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد تنگ مسےزئی کے مقام پر جاری احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا اور بند شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی سربراہی میں حکومتی وفد نے دھرنا کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد مذاکرات کامیابی سے اختتام پذیر ہوئے۔

مذاکرات میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی بھی شریک تھے۔

حکومتی وفد نے دھرنا کمیٹی کو مغوی حیدر کاکڑ کی بازیابی سے بھی آگاہ کیا، جس کے بعد دھرنا کمیٹی کے منتظمین نے احتجاج ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ احتجاج کرنا جمہوری معاشرے میں ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا کمیٹی کے مطالبات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عوام اور تمام متعلقہ اداروں کو سکیورٹی فورسز کا ساتھ دینا ہوگا۔

صوبائی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور علاقے میں امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More