لاہور: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، وفاق اور صوبوں کے تعلقات، بین الصوبائی تعاون اور قومی یکجہتی کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں بلوچستان اور پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون بڑھانے، طلبہ اور فیکلٹی کے تبادلوں اور طبی تعلیم و تربیت کے جدید تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام وفاقی اکائیوں کے درمیان مضبوط روابط، باہمی اعتماد اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے عوامی سطح پر رابطوں، ثقافتی و سماجی تبادلوں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
انہوں نے بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، سرکاری جامعات کی استعداد کار بڑھانے، تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کے قیام کے لیے پنجاب کے تجربات سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات کو پنجاب کے معیاری تعلیمی اداروں میں داخلوں اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔
گورنر بلوچستان نے گورنر پنجاب کو کوئٹہ کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں صوبوں کے درمیان تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے اور تعلیمی و ترقیاتی شعبوں میں عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ صوبائی قیادت کے درمیان مسلسل رابطوں، مشاورت اور باہمی تعاون کے ذریعے قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
[…] […]