اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے یومِ فتح کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 نومبر آذربائیجان کی بہادر قوم کے عزم، حوصلے اور لازوال قربانیوں کی علامت ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آذربائیجان نے تقریباً 30 سال بعد اپنی علاقائی سالمیت بحال کرکے ایک تاریخی کامیابی حاصل کی، جس کا سہرا شہداء کی عظیم قربانیوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے آذربائیجان کے شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ماضی میں بھی آذربائیجان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہا اور مستقبل میں بھی اس کی حمایت جاری رکھے گا، دونوں ممالک کے مابین دوستی اور برادرانہ تعلقات مضبوط اور ناقابل شکست ہیں۔
وزیراعظم نے گزشتہ برس باکو میں یومِ فتح کی پریڈ میں صدر الہام علیوف کے ہمراہ شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان گہرے اور مستحکم تعلقات کی عکاس تھی۔
انہوں نے آذربائیجان کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جنوبی قفقاز کا خطہ مستقل امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کی جانب پیش قدمی کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الہام علیوف کے نام اپنے پیغام میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔