Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

اقوام متحدہ میں پاکستان کا دوٹوک مؤقف، سعودی عرب پر حوثی حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ

نیویارک: پاکستان نے یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت اور ان کے فوری و غیر مشروط خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد 2140 (2014ء) کے تحت یمن سے متعلق پابندیوں میں توسیع اور ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ کی تجدید کے بعد خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید حیدر شاہ نے قرارداد کا خیرمقدم کیا۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سلامتی کونسل کی 2140 کمیٹی کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

سید حیدر شاہ نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے علاقے کا دفاع کرنے اور اپنے شہریوں سمیت وہاں مقیم افراد کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے۔

انہوں نے حوثی ملیشیا کے حملوں کے فوری اور غیر مشروط خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یمن کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے افراد اور اداروں کا احتساب پائیدار امن کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

پاکستانی سفیر نے قرارداد کی منظوری کے لیے مذاکرات میں برطانیہ کی تعمیری کوششوں کو بھی سراہا اور واضح کیا کہ پاکستان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تاکہ یمن میں امن کے لیے 2140 کمیٹی کے کردار اور اہمیت کو مزید تقویت دی جا سکے۔

انہوں نے پابندیوں کے نظام پر مؤثر عمل درآمد کے لیے اقوام متحدہ کے ادارہ جاتی نظام کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماہرین کے پینل کو اپنے مینڈیٹ کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت، غیر جانب داری اور مستقل مزاجی سے کام کرنا چاہیے تاکہ اس کی ساکھ اور مؤثریت برقرار رہے۔

سید حیدر شاہ نے یمن میں امن کے لیے اقوام متحدہ کی قیادت میں ایک جامع سیاسی عمل کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس عمل کی قیادت یمن کے عوام کے ہاتھ میں ہونی چاہیے اور یہ یمن ہی کی ملکیت ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کی بحالی اور وہاں کے عوام کی سنگین انسانی مشکلات کم کرنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
1 تبصرہ
  1. […] جانب اقوام متحدہ میں ایران کے نائب سفیر غلام حسین نے خلیجی ممالک کے […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More