کراچی میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نئے صوبوں کے مخالفین شہر اور صوبے کی لسانی اکائیوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، تاہم ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے اندرون سندھ سمیت پاکستان بھر کے مظلوم عوام کراچی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے جاگیردارانہ، وڈیرانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے، پیپلز پارٹی پورے سندھ کی نمائندہ نہیں جبکہ سندھی قوم پرست سندھی قوم کے بھی دشمن ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ مہاجروں کو اپنے دل بڑے کرنا ہوں گے، تمام مذاہب اور زبانیں بولنے والوں کو گلے لگانا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے لیے تمام مظلوم طبقات کو متحد ہونا ہوگا، جبکہ دسمبر کا مہینہ اس حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔