گمبٹ پولیس کے مطابق مزدور آج صبح غیر قانونی طور پر سونا نکالنے میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا بھاری تودہ ان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں تینوں مزدور ملبے تلے دب گئے۔ پولیس نے لاشیں نکال کر مقامی ہسپتال منتقل کر دیں۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی اسی تحصیل میں سونے کی کان کنی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے 8 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔
دوسری جانب کوہاٹ میں دریائے سندھ کے کنارے مختلف علاقوں میں سونے کی غیر قانونی کان کنی کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ اس علاقے سے ہر ماہ 90 کلوگرام سونا نکالا جا رہا تھا۔
گورنر کے مطابق بدھ کو غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس پارٹی پر حملہ کیا گیا، جس میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور ہلاک ہوئے۔
واقعے کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ کسی کو سونے کی کان کنی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے ٹھیکیداروں کو غیر قانونی کان کنی بند کرنے اور ایک ہفتے میں بھاری مشینری ہٹانے کی ہدایت بھی کی تھی۔
ادھر سرکاری ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے نوشہرہ اور کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے کان کنی میں استعمال ہونے والی بھاری مشینری نذرِ آتش کر دی۔
یاد رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا نے گزشتہ روز مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 12 سیاست دانوں پر بھی غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ معدنی وسائل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے چیکنگ سخت کی جائے گی اور بغیر لیز کان کنی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔