گوادر: خواتین میں ذہنی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور صحت مند خاندانی ماحول کے فروغ کیلئے جیوز گوادر اور دستکِ زیست کے اشتراک سے خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔
سیشن میں ماہرینِ نفسیات گراناز ہوت بلوچ اور فوزیہ ذوالفقار نے ذہنی صحت کی اہمیت، جذباتی توازن برقرار رکھنے، روزمرہ زندگی کے دباؤ سے نمٹنے اور ذہنی سکون حاصل کرنے کے مختلف طریقوں پر روشنی ڈالی۔
پروگرام میں ماں اور بچے کے درمیان مضبوط جذباتی تعلق اور مثبت تربیتِ اولاد کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ والدین کے رویے اور بچپن کے تجربات بچوں کی شخصیت اور ذہنی نشوونما پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ نسل در نسل منتقل ہونے والے نفسیاتی صدمات کے سلسلے کو توڑا جائے اور منفی رویوں کو بچوں تک منتقل ہونے سے روکا جائے۔
ماہرین نے زور دیا کہ بچوں کی بہتر ذہنی اور جذباتی نشوونما کیلئے ان کے ساتھ محبت، تحمل، مثبت رویے اور مؤثر رابطے کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
سیشن کے دوران شریک خواتین کو ذہنی دباؤ اور تھکن سے نمٹنے کیلئے عملی مشقیں بھی کروائی گئیں جبکہ آسان ورزشوں اور ریلیکسیشن تکنیکوں سے آگاہ کیا گیا، جنہیں صبح بیدار ہونے اور رات سونے سے قبل روزمرہ معمولات کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
تقریباً دو سے تین گھنٹے جاری رہنے والے اس پروگرام کا مقصد خواتین میں ذہنی صحت کا شعور بڑھانے، خاندانی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مثبت تربیتِ اولاد کے ذریعے صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرنا تھا