Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

عالمی اور ایشیائی مقابلوں میں اعزازات جیتنے والے بلوچستان کے ویٹ لفٹرز حکومتی سرپرستی سے محروم، حاجی قادر بخش بنگلزئی

 مستونگ: عالمی اور ایشیائی سطح پر پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنے والے ویٹ لفٹرز حکومتی سرپرستی اور مالی معاونت نہ ملنے پر مشکلات کا شکار ہیں۔ ڈسٹرکٹ مستونگ ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی قادر بخش بنگلزئی نے صوبائی حکومت اور محکمہ کھیل سے قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی اور داد رسی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں حاجی قادر بخش بنگلزئی نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ بلوچستان کے غریب اور باصلاحیت کھلاڑیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عالمی اور ایشیائی مقابلوں میں ملک و قوم کے لیے بڑے اعزازات حاصل کیے، لیکن حکومت بلوچستان اور محکمہ کھیل کی جانب سے ان کی کوئی پذیرائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نہ وزیر کھیل، نہ سیکرٹری سپورٹس اور نہ ہی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کوئی اقدام کیا۔

حاجی قادر بخش بنگلزئی کے مطابق 27 اکتوبر 2026 کو بلوچستان کے کامیاب کھلاڑی ٹیم ٹرافی، 2 گولڈ، 2 سلور اور 6 برونز میڈلز کے ساتھ کوئٹہ پہنچے، تاہم ان کے اعزاز میں کوئی شاندار استقبال یا تقریب منعقد نہیں کی گئی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر کھیل مینا مجید بلوچ اور سیکرٹری سپورٹس درا بلوچ سے اپیل کی کہ قومی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں مالی معاونت فراہم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ویٹ لفٹنگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی ٹیم نے عالمی اور ایشیائی مقابلوں میں ٹیم ٹرافی اپنے نام کی، جو ایک تاریخی اعزاز ہے۔ صوبائی حکومت کی ذمہ داری تھی کہ ان کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کرتی اور ان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے مالی معاونت فراہم کرتی۔

حاجی قادر بخش بنگلزئی نے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ ان کھلاڑیوں کی آواز بنیں اور ان کے مسائل اعلیٰ حکام، بالخصوص وزیراعلیٰ بلوچستان تک پہنچائیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More