تین روزہ عالمی کانفرنس میں دنیا کو درپیش پانی کی قلت، صاف پینے کے پانی کی فراہمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور آبی وسائل کے پائیدار استعمال جیسے اہم مسائل زیرِ بحث آئیں گے۔ اجلاس میں عالمی رہنماؤں، حکومتی نمائندوں، بین الاقوامی اداروں کے عہدیداروں اور آبی ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 2 ارب 10 کروڑ افراد محفوظ طریقے سے فراہم کیے جانے والے پینے کے پانی سے محروم ہیں، جبکہ 3 ارب 40 کروڑ افراد کو صفائی اور نکاسی آب کی مناسب سہولیات دستیاب نہیں۔
کانفرنس میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی حکمت عملی مرتب کرنے، بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور جدید آبی ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران پانی کے دوبارہ استعمال، آبی آلودگی کی روک تھام، صاف پانی کی فراہمی اور آبی وسائل کے مؤثر انتظام سے متعلق جدید سائنسی طریقوں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
عالمی واٹر کانفرنس کا ایک اہم مقصد پانی اور صفائی سے متعلق اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف پر پیشرفت تیز کرنا ہے، جبکہ آنے والی نسلوں کے لیے آبی وسائل کا تحفظ بھی اجلاس کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔