Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

جامعہ گوادر میں اسپرنگ 2027 داخلوں اور امتحانات کی تاریخیں طے کرنے کی تیاری، اہم فیصلے کر لیے گئے

گوادر: جامعہ گوادر میں اسپرنگ 2027 کے داخلوں، امتحانات اور طلبہ کو اسکالرشپس کی فراہمی سے متعلق اہم امور پر غور کے لیے وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔

اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم مہر، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین سائنس، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محب اللہ، مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسپرنگ 2027 کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کے انعقاد، امتحانی شیڈول اور انتظامی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ امتحانات دسمبر 2026 کے آخری ہفتے میں منعقد کیے جائیں گے۔

اس موقع پر طلبہ کی فیسوں کی بروقت ادائیگی، اسکالرشپ چیکس کی شفاف تقسیم اور جامعہ کے تعلیمی کیلنڈر پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں داخلہ اور امتحانی امور کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے اور طلبہ کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ داخلہ ٹیسٹ، امتحانات، فیسوں کی وصولی اور اسکالرشپس کی تقسیم کا عمل شفافیت اور مقررہ ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مؤثر منصوبہ بندی، بروقت فیصلوں اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ جامعہ کی مجموعی کارکردگی میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اجلاس میں تمام تعلیمی اور انتظامی امور مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More