Dailyitlaeaam
Chief editor Umer

بلوچستان حکومت کا وکلاء کیلئے بڑا اقدام، طبی، مالی اور قانونی سہولیات کے چار نوٹیفکیشنز جاری

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وکلاء کی فلاح و بہبود، طبی سہولیات، قانونی معاونت اور مالیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے چار اہم حکومتی نوٹیفکیشنز پاکستان بار کونسل اور بلوچستان بار کونسل کے نمائندہ وفد کے حوالے کر دیے۔

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سے پاکستان بار کونسل اور بلوچستان بار کونسل کے اراکین ایڈووکیٹ منیر احمد کاکڑ، ایڈووکیٹ نادر علی چھلگری، نجیب احمد کاکڑ اور افضل حریفال نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ محکمہ قانون کے نوٹیفکیشن کے تحت وکلاء کو قانونی مشاورتی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ محکمہ صحت کے فیصلے کے مطابق وکلاء کو گریڈ 18 کے سرکاری ملازمین کے مساوی طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

اسی طرح محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے تحت دورانِ فرائض دہشت گردی یا کسی ناخوشگوار واقعے میں جاں بحق ہونے والے وکلاء کو شہید قرار دے کر شہداء کے لیے مقررہ حکومتی مراعات اور فوائد فراہم کیے جائیں گے۔

محکمہ خزانہ کے نوٹیفکیشن کے ذریعے وکلاء کے لیے مالیاتی اداروں سے قرضوں، کریڈٹ کارڈز اور دیگر بینکاری سہولیات تک رسائی ممکن بنانے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وکلاء قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور آئینی حقوق کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت بلوچستان وکلاء کی پیشہ ورانہ ضروریات، فلاح و بہبود اور تحفظ کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورانِ فرائض وکلاء کو درپیش خطرات اور مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور حکومت ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

ملاقات کے دوران وکلاء کے وفد نے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
2 تبصرے
  1. […] نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی چراگاہوں کا پائیدار انتظام، قدرتی وسائل کا تحفظ اور […]

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More