چمن میں جے یو آئی کا بڑا اجتماع، مولانا فضل الرحمٰن کو ریڈ لائن قرار، قیادت اور نظریے پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان
جمعیت علماء اسلام ضلع چمن کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ہزاروں کارکنوں اور عوام کی شرکت نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ جماعت کی وابستگی اور یکجہتی کا واضح اظہار کیا ہے۔
کانفرنس میں صوبائی ناظم عمومی آغا محمود شاہ، مولانا صلاح الدین ایوبی، حافظ حسین احمد شرودی، حاجی محمد نواز خان کاکڑ، میر یونس عزیز زہری، حاجی اصغر خان ترین، سید ظفر آغا اور مولانا منظور مینگل سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
مولانا عبدالواسع نے اعلان کیا کہ پشتون بیلٹ کے کامیاب دورے کے بعد اب بلوچ بیلٹ میں بھی سیاسی و تنظیمی دوروں کا آغاز کیا جائے گا، جن میں اہل بلوچستان بھرپور شرکت کریں۔ ان کے مطابق ان دوروں کا مقصد سیاسی بیداری، تنظیمی استحکام اور جماعتی وابستگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اپنے اکابرین کی جدوجہد اور نظریات کی امین جماعت ہے، جس نے ہمیشہ اسلامی تشخص، مدارس، علماء اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے۔ مدارس اور علماء کے خلاف پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اپنے اصولوں اور نظریات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
صوبائی امیر نے بلوچستان کے معدنی وسائل، مائنز اینڈ منرلز، ریکوڈک منصوبے اور سرحدی تجارت کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل پر بنیادی حق بلوچستان کے عوام کا ہے۔ عوامی حقوق اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
کانفرنس کے اختتام پر جماعتی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں عوامی حقوق، اسلامی تشخص اور جمہوری جدوجہد کو پُرامن اور آئینی انداز میں جاری رکھا جائے گا۔